
خلیج اردو
چلاس – 2 جولائی 2025
نانگا پربت کو سر کرنے کی مہم کے دوران ایک افسوسناک واقعے میں چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ غیر ملکی خاتون کوہ پیما، لاوشاوا کلارا، جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تقریباً چار بجے کیمپ ون اور کیمپ ٹو کے درمیان پیش آیا، جب آکسیجن گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔
خاتون کوہ پیما ایک سات رکنی غیر ملکی ٹیم کا حصہ تھیں جو 16 جون کو بونر بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئی اور 17 جون کو وہاں پہنچی۔ حادثے کے بعد خاتون کی لاش صبح کے وقت ہیلی کاپٹر کے ذریعے چلاس ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ساتھی کوہ پیما نے فوری طور پر بیس کیمپ میں حادثے سے متعلق حکام کو آگاہ کیا، جس کے بعد ہائی پورٹرز اور پولیس کی اضافی نفری بونر نالہ روانہ کر دی گئی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ حادثہ پاکستان میں مہم جوئی کے دوران پیش آنے والے ان خطرات کی یاد دہانی ہے جن سے کوہ پیماؤں کو دوچار ہونا پڑتا ہے۔ مرحومہ کلارا ایک تجربہ کار کوہ پیما تھیں جنہوں نے بلند پہاڑوں کو سر کرنے کا خواب دل میں سجا رکھا تھا، لیکن بدقسمتی سے یہ سفر ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔







