عالمی خبریں

مودی کا پاکستان پر ایک بار پھر الزام، ‘آپریشن سندور’ کے تسلسل کا اشارہ

خلیج اردو
کانپور – بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کسی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ ’آپریشن سندور‘ ابھی ختم نہیں ہوا۔ وہ کانپور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں تین نکات طے کیے ہیں: پہلا، ہر حملے کا مؤثر اور فوری جواب دیا جائے گا؛ دوسرا، جواب دینے کا طریقہ، وقت اور ضوابط مسلح افواج طے کریں گی؛ اور تیسرا، بھارت اب ایٹمی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔

انہوں نے پاکستان پر ریاستی و غیر ریاستی عناصر کے ذریعے دہشت گردی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ "دشمن چاہے جہاں بھی ہو، بخشا نہیں جائے گا۔”

واضح رہے کہ پاکستان پہلے بھی بھارت کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتا آیا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے اس کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور بعد ازاں آزاد کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں حملے کیے، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی دنوں تک جنگی کشیدگی رہی۔

پاکستان نے جنگ بندی کے بعد مذاکرات کی دعوت دی تھی، تاہم بھارت کا مؤقف ہے کہ "دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔” بھارتی حکام متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ دوبارہ سرحد پار کارروائی کر سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button