
خلیج اردو
واشنگٹن، 17 مارچ 2025: وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں یمن میں متعدد حوثی رہنما ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کی حمایت اور عالمی جہاز رانی پر حملے بند کرے۔
قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے حوثیوں کے خلاف زبردست طاقت کا استعمال کیا ہے اور ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ "بہت ہو چکا۔”
امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یمن پر امریکی حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک حوثی عالمی جہاز رانی اور امریکی بحری ٹریفک پر حملہ کرنے کی صلاحیت سے محروم نہیں ہو جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حمایت کے بغیر حوثیوں کے لیے عالمی جہازوں پر حملہ کرنا ناممکن ہے۔
امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی کہا کہ یہ حملے ایران کے لیے وارننگ ہیں کہ وہ حوثیوں کی حمایت فوری طور پر بند کر دے۔
امریکی سیکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اعلان کیا کہ حوثیوں کے خلاف آپریشن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی "زیادہ سے زیادہ دباؤ” کی حکمت عملی کا آغاز ہے۔