عالمی خبریں

وزیراعظم شہباز شریف دوشنبہ پہنچ گئے، تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات آج ہوگی

خلیج اردو
دوشنبہ – وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ پہنچ گئے، جہاں دوشنبے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آج تاجک صدر امام علی رحمان سے اہم ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعلقات کو فروغ دینے، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کرے گی۔

آذربائیجان سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 28 مئی پاکستان اور آذربائیجان دونوں کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا، جب کہ اسی روز آذربائیجان نے آزادی حاصل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے اور صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان نے قابلِ قدر ترقی کی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم کے اس علاقائی دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button