
خلیج اردو
سیول: کے پاپ بینڈ اسٹریے کڈز نے ایک اور تاریخ رقم کر دی ہے۔ ان کے نئے البم "کارما” نے بل بورڈ ٹاپ 200 چارٹ پر مسلسل ساتویں بار نمبر ون پوزیشن حاصل کی، جو اس صدی میں کسی بھی گروپ کا منفرد ریکارڈ ہے۔
اس کامیابی کا جشن منانے کے لیے جے وائی پی انٹرٹینمنٹ کے سربراہ اور پروڈیوسر پارک جن ینگ نے بینڈ کے ہر رکن کو خالص سونے کا تحفہ دیا۔ رپورٹ کے مطابق آٹھوں اراکین کو 75،75 گرام سونا دیا گیا، جس کی کل مالیت 100 ملین وون یعنی تقریباً 7 لاکھ 40 ہزار ڈالر بنتی ہے۔
بینڈ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "تھینک یو پی ڈی نیم #JYP #SKZ۔” تصاویر میں اراکین اپنے سنہرے تختیوں کے ساتھ خوشی سے جھلکتے نظر آتے ہیں۔ ان تختیوں پر تحریر تھا: "بل بورڈ 200 پر مسلسل ساتویں نمبر ون البم ’کارما‘ کی یادگار۔”
"کارما” نہ صرف بل بورڈ ٹاپ 200 پر پہلے نمبر پر آیا بلکہ یہ اسٹریے کڈز کا پہلا البم ہے جو لگاتار تین ہفتے ٹاپ 10 میں برقرار رہا۔ اس کامیابی نے بینڈ کی عالمی شہرت اور اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔
پارک جن ینگ نہ صرف بینڈ کو قیمتی تحفے دے رہے ہیں بلکہ حال ہی میں انہیں صدارتی کمیٹی برائے ثقافتی تبادلہ کا شریک چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے، جو ان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا واضح ثبوت ہے۔






