عالمی خبریں

برطانیہ میں ٹرین پر چاقو سے حملہ، 10 افراد زخمی، دو مشتبہ افراد گرفتار

 

خلیج اردو

ہنٹنگڈن، برطانیہ: لندن جانے والی ایک ٹرین میں ہفتے کی رات ہونے والے چاقو حملے میں 10 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 9 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس اور ایمبولینس کی درجنوں گاڑیاں مشرقی انگلینڈ کے علاقے کیمبرج شائر کے قصبے ہنٹنگڈن کے ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئیں، جہاں ٹرین کو روک کر کارروائی کی گئی۔

برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق “کیمبرج شائر میں ٹرین پر چاقو کے حملے میں 10 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔” پولیس نے مزید کہا کہ انسدادِ دہشت گردی یونٹس بھی تحقیقات میں مدد کر رہی ہیں۔

یہ ٹرین ڈانکاسٹر سے لندن کے کنگز کراس اسٹیشن کی جانب جا رہی تھی، جو ایک مصروف راستہ سمجھا جاتا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص بڑے چاقو کے ساتھ مسافروں پر حملہ کر رہا تھا، اور "ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا”۔ بعض مسافروں نے خود کو واش رومز میں چھپا لیا، جبکہ کچھ کو بھاگنے کے دوران دیگر افراد نے روند ڈالا۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے ایک شخص کو پلیٹ فارم پر چاقو لہراتے دیکھا، جسے بعد ازاں پولیس نے ٹیزر سے قابو کر کے گرفتار کر لیا۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے واقعے کو “خوفناک اور تشویشناک” قرار دیا اور کہا، “میری ہمدردیاں متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں اور میں ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔”

وزیر داخلہ شبانہ محمود نے تصدیق کی کہ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ ٹرین کو کرائم سین قرار دے کر اس کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس کے مطابق جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں ایمبولینسز، فضائی ایمبولینسز اور ریسکیو کمانڈرز کو روانہ کیا گیا۔

ٹرین آپریٹر "لنڈن نارتھ ایسٹرن ریلوے (LNER)” نے تصدیق کی کہ ریلوے لائنز عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں اور مسافروں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کیمبرج شائر اور پیٹر بورو کے میئر پال بریسٹو نے واقعے کو “خوفناک منظر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ حملے کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button