
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کی نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گندم کی قیمت ساڑھے 3 ہزار روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مجموعی طور پر 6.2 ملین ٹن گندم خریدیں گی تاکہ کسانوں کو مارکیٹ میں مناسب قیمت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، تاکہ ملک میں گندم کی رسد کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے پر مبنی پالیسی تیار کرنے میں ان کا تعاون خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ زرعی شعبہ مستحکم اور خود کفیل بنایا جا سکے۔






