
خلیج اردو
2025 ایک غیر متوقع سال ثابت ہوا، جہاں سوشل میڈیا پر ایک کے بعد ایک ایسا واقعہ سامنے آیا جس نے دنیا بھر میں بحث چھیڑ دی۔ الگورتھمز اور مصنوعی ذہانت کے غلبے کے باوجود، خام ویڈیوز اور حقیقی ردعمل ہی وہ مواد رہے جو انٹرنیٹ پر چھا گئے۔ بعض واقعات لمحاتی شہرت تک محدود رہے، مگر کئی ایسے تھے جو عوامی یادداشت میں گہرے نقوش چھوڑ گئے اور طویل عرصے تک گفتگو کا حصہ بنے رہے۔
سال کے اختتام پر ان دس واقعات نے خاص طور پر عالمی توجہ حاصل کی:
کولڈ پلے کے کنسرٹ میں ’کِس کیم‘ کے دوران ایک جوڑے کی مشتبہ قربت نے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کر دیا، جب گلوکار کرس مارٹن کے ایک جملے نے معاملے کو مزید ہوا دی۔ بعد ازاں مذکورہ شخص نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ اس واقعے نے آن لائن ٹرولنگ، میمز اور شدید عوامی ردعمل کو جنم دیا۔
انڈونیشیا کے ایک 11 سالہ بچے ریان ارکان ڈکھا کی پرسکون رقص ویڈیو نے ’آورا فارمنگ‘ کے نام سے ایک نیا ٹرینڈ متعارف کرایا، جو نوجوان نسل میں مقبول ہوا اور عالمی سطح پر فالو کیا گیا۔
نیو یارک میں زوہران ممدانی کی تاریخی کامیابی نے انہیں شہر کا پہلا مسلم میئر بنا دیا۔ ان کی فلسطین نواز سرگرمیاں، ترقی پسند منشور اور ذاتی زندگی بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی رہیں۔
اداکارہ سڈنی سوئینی کی ’گڈ جینز‘ اشتہار مہم پر نسل پرستی اور یوروسینٹرک حسن کے الزامات لگے، جس پر کمپنی اور اداکارہ دونوں کو وضاحتیں دینا پڑیں۔
جسٹن بالڈونی اور بلیک لائیولی کے درمیان قانونی تنازع پورا سال خبروں میں رہا، جس میں الزامات، جوابی مقدمات اور بالآخر بعض دعوؤں کے خارج ہونے جیسے مراحل شامل رہے۔
ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کے میچ کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان ہینڈ شیک نہ ہونے پر شدید ردعمل سامنے آیا، جسے کھیل کی روح کے منافی قرار دیا گیا اور دونوں ٹیموں پر جرمانے بھی عائد ہوئے۔
گلوکارہ کیٹی پیری کا خلا کا مختصر سفر بھی تنقید کی زد میں رہا، جہاں اسے ماحولیاتی خدشات اور معاشی مسائل کے تناظر میں غیر حساس تشہیر قرار دیا گیا۔
امریکی قدامت پسند رہنما چارلی کرک کے قتل کی ویڈیو نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا، واقعے کے بعد اسلحہ قوانین اور سیاسی تشدد پر شدید بحث چھڑ گئی۔
سپر باؤل ہاف ٹائم شو میں کینڈرک لامر کی پرفارمنس، خاص طور پر ان کا متنازع گانا اور فلسطین و سوڈان کے حق میں احتجاجی لمحہ، عالمی سطح پر موضوع بحث بنا۔
ریپر شان ’ڈیڈی‘ کومبز کے خلاف جنسی جرائم کے مقدمے نے تفریحی دنیا کے پوشیدہ پہلوؤں کو بے نقاب کیا۔ عدالت نے انہیں بعض سنگین الزامات سے بری جبکہ دیگر میں سزا سنائی، جبکہ متعدد دیوانی مقدمات اب بھی زیر التوا ہیں۔
یہ تمام واقعات 2025 میں انٹرنیٹ کی طاقت، عوامی ردعمل اور ڈیجیٹل دور میں خبروں کی رفتار کو واضح کرتے ہیں، جہاں ایک ویڈیو یا لمحہ عالمی بیانیے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔







