
خلیج اردو
دبئی: انڈونیشیا کے فاسٹ بولر گیدے پریاندانا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک شاندار اور منفرد کارنامہ انجام دے کر تاریخ رقم کر دی۔ 28 سالہ پریاندانا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔ یہ تاریخی کارنامہ انہوں نے بالی میں انڈونیشیا اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں اپنے کیریئر کے پہلے ہی اوور میں انجام دیا۔
168 رنز کے تعاقب میں کمبوڈیا کی ٹیم کو مشکلات کا سامنا تھا کہ 16ویں اوور میں متعارف کرائے جانے والے پریاندانا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پہلے ہی گیند پر 37 رنز بنانے والے اوپنر شاہ ابرار حسین کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے لگاتار گیندوں پر نرمَلجیت سنگھ اور چنتھوئن راتھنک کو پویلین بھیج کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اوور کی آخری دو گیندوں پر مونگدارا سوک اور پیل وانک کو بھی آؤٹ کر کے ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ انہوں نے میچ میں صرف ایک اوور کروایا اور 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔
پریاندانا کی اس شاندار بولنگ کی بدولت کمبوڈیا کی پوری ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور انڈونیشیا نے میچ 60 رنز سے جیت کر آٹھ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اس سے قبل بیٹنگ میں بھی پریاندانا نے اوپنر کے طور پر حصہ لیا اور 11 گیندوں پر 6 رنز بنائے، جبکہ دھرما کیسومہ نے 68 گیندوں پر شاندار 110 رنز بنا کر انڈونیشیا کو 167 رنز تک پہنچایا۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں گرنے کا واحد واقعہ 2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں پیش آیا تھا، تاہم اس اوور میں دو وکٹیں رن آؤٹ کے ذریعے گری تھیں۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 191 رنز کا دفاع کرتے ہوئے 34 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔





