
خلیج اردو
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق فور کی 87ویں لہر کے تحت خلیجی خطے میں امریکی اور اتحادی اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق سعودی عرب میں امریکی وارننگ ریڈار سسٹم کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں امریکی کمانڈر سینٹر کو بھی نشانہ بنانے کا کہا گیا ہے۔ مزید دعویٰ کیا گیا کہ منہاد بیس کے باہر قائم ایک خفیہ مرکز پر حملے کے وقت 200 سے زائد امریکی افسران موجود تھے۔
اسی سلسلے میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے کمانڈرز کے ٹھکانے پر حملے کا بھی دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ ایک اسرائیلی ملکیت کے کارگو جہاز کو نشانہ بنانے کی بات بھی کی گئی ہے۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ امریکی اور اتحادی اہداف کے خلاف مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں، جبکہ ان تازہ حملوں کو "ابا عبد اللہ الحسین” کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دعوے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، تاہم ان حملوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔






