سپورٹس

پی ایس ایل 11 میں گیند سے چھیڑ چھاڑ، فخر زمان پر دو میچز کی پابندی، لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

پاکستان سپر لیگ 11 میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر قومی کرکٹر فخر زمان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو میچز کی پابندی کی سزا سنا دی گئی ہے، جس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کر دی۔

پی سی بی کے مطابق فخر زمان نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت گیند کی حالت تبدیل کرنا ایک سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔ یہ واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔

میچ کے دوران امپائرز نے لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی دی اور گیند بھی تبدیل کر دی گئی۔ فخر زمان نے الزام تسلیم نہیں کیا اور سماعت کے دوران اپنا مؤقف پیش کیا۔

میچ ریفری روشن مہاناما نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد فخر زمان کو لیول تھری آفنس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے دو میچز کی پابندی عائد کی۔ سماعت میں شاہین شاہ آفریدی، ثمین رانا اور ٹیم منیجر بھی موجود تھے۔

قوانین کے مطابق لیول تھری خلاف ورزی پر کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی ہو سکتی ہے، جبکہ فخر زمان کو 48 گھنٹوں کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق بھی حاصل ہے۔

لاہور قلندرز کا اگلا میچ 3 اپریل کو ملتان سلطانز کے خلاف جبکہ 9 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شیڈول ہے، جہاں ٹیم کو اپنے اہم کھلاڑی کی عدم موجودگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button