سپورٹس

پشاور زلمی نے سنسنی خیز فائنل میں حیدرآباد کنگز کو شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا، ہدف 130 رنز بآسانی حاصل

خلیج اردو
پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز کو فائنل میں شکست دے کر دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم نے ابتدا میں مشکلات کا سامنا کیا اور ابتدائی چار وکٹیں جلد گر گئیں، تاہم بعد میں ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ سنبھال لیا۔

دونوں بیٹرز کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 85 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جس نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، عبدالصمد نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

میچ کے آغاز میں محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں بابر اعظم کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کیا جبکہ محمد حارث صرف 6 رنز بنا سکے۔

پشاور کی تیسری وکٹ 33 اور چوتھی 40 رنز پر گری، مگر اس کے بعد ٹیم نے سنبھل کر ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

اس سے قبل حیدرآباد کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صائم ایوب کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، انہوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق پشاور زلمی کی یہ فتح دباؤ میں شاندار کم بیک اور مضبوط پارٹنرشپ کا نتیجہ ہے، جس نے میچ کا رخ بدل دیا۔

بابر اعظم نے ٹرافی محسن نقوی سے وصول کی اور کہا کہ “ہم نے میچ ٹو میچ پلان کیا جس کی بدولت کامیابیاں ملیں، یہ کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے یادگار لمحہ ہے۔”

حیدرآباد کنگز کے کپتان مانس ٹپوشن نے کہا کہ “فائنل میں ہم کم رنز بنا سکے مگر مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، خاص طور پر ناک آؤٹ مرحلے میں۔”

ایونٹ میں بابر اعظم 588 رنز کے ساتھ بہترین بیٹر قرار پائے اور انہیں گولڈن بیٹ اور حنیف محمد کیپ دی گئی، جبکہ سفیان مقیم 22 وکٹوں کے ساتھ بہترین بولر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ٹھہرے۔

شاداب خان بہترین آل راؤنڈر، کوسل مینڈس بہترین وکٹ کیپر اور حنین شاہ ایمرجنگ پلیئر قرار دیے گئے، جبکہ بہترین امپائر کا اعزاز آصف یعقوب نے حاصل کیا۔

پشاور زلمی کے ایرون ہارڈی نے فائنل میں 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور 4 وکٹوں کے ساتھ بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کے تحت پشاور زلمی کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالرز جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ ڈالرز دیے گئے، جبکہ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ کرنے والی فرنچائز کو بھی 2 لاکھ ڈالرز کا انعام دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور فائنل میچ کا کچھ حصہ دیکھا، اس موقع پر محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شائقین نے زبردست نظم و ضبط اور جوش کا مظاہرہ کیا، 32 ہزار 600 افراد نے فائنل دیکھا، اور آئندہ سیزن میں نئے وینیوز شامل کیے جائیں گے۔

فائنل سے قبل پاکستان سپر لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایریل ڈانس، خاتون جمناسٹ کی ائیر بیلون پرفارمنس اور شاندار آتشبازی نے شائقین کو محظوظ کیا۔

معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت اور عارف لوہار نے زبردست پرفارمنس دی جبکہ آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے بھی محفل لوٹ لی، یوں میوزک، روشنیوں اور جوش کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button