متحدہ عرب امارات

دبئی میں 2 ارب درہم کا ‘لطیفہ بنت حمدان کوریڈور’ منصوبہ، ٹریفک میں نمایاں بہتری متوقع

خلیج اردو
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے 2 ارب درہم مالیت کے لطیفہ بنت حمدان کوریڈور ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ٹریفک کا دباؤ کم کرنا، مختلف علاقوں کے درمیان رابطے بہتر بنانا اور مستقبل کی شہری ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

12 کلومیٹر طویل یہ کوریڈور شیخ زاید روڈ، الخیل روڈ، المیدان اسٹریٹ، شیخ محمد بن زاید روڈ، شیخ زاید بن حمدان النہیان اسٹریٹ اور ایمریٹس روڈ کو آپس میں منسلک کرے گا۔ منصوبہ 2028 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

اس منصوبے کے تحت 7 نئے پل، 8 سرنگیں، ملٹی لیول فری فلو انٹرچینجز، لوپ ریمپس اور لطیفہ بنت حمدان اسٹریٹ کو دونوں اطراف چار چار لین تک توسیع دی جائے گی، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔

منصوبے سے ند الشبا، البراری، دبئی ہلز، ڈسٹرکٹ ون، محمد بن راشد گارڈنز، لیونگ لیجنڈز، مجان اور گلوبل ولیج سمیت متعدد رہائشی اور تجارتی علاقوں کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار رہائشیوں اور زائرین کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔

آر ٹی اے کے مطابق ام الشیف اسٹریٹ سے ایمریٹس روڈ تک سفر کا دورانیہ 33 منٹ سے کم ہو کر 15 منٹ رہ جائے گا، یعنی سفری وقت میں 54 فیصد کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ الخیل روڈ، شیخ محمد بن زاید روڈ، دبئی العین روڈ اور ام سقیم اسٹریٹ پر بھی ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔

نیا کوریڈور دونوں سمتوں میں فی گھنٹہ تقریباً 16 ہزار گاڑیوں کی گنجائش رکھے گا اور روزانہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد سفری نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرے گا۔

منصوبے میں 12.5 کلومیٹر طویل سائیکل ٹریک بھی شامل ہے، جو دبئی کے موجودہ سائیکلنگ نیٹ ورک سے منسلک ہوگا اور القُدرہ سے جمیرہ تک پائیدار سفری نظام کو فروغ دے گا۔

آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دبئی اکنامک ایجنڈا D33 اور دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان کے اہداف کے مطابق شہر کے بڑھتے ہوئے انفراسٹرکچر اور آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button