
خلیج اردو
ابوظبی نے خودکار (ڈرائیور لیس) گاڑیوں کے لیے پہلی بار خصوصی نمبر پلیٹس متعارف کرا دی ہیں، جس کا مقصد اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی کے فروغ، نگرانی اور سڑکوں پر حفاظت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
نئی نمبر پلیٹس نیلے رنگ کے یکساں ڈیزائن پر مشتمل ہوں گی۔ تجارتی خودکار سروس فراہم کرنے والی گاڑیوں پر "Auto Drive” جبکہ آزمائشی اور پائلٹ پروگراموں میں شامل گاڑیوں پر "Test” درج ہوگا۔
حکام کے مطابق اس نظام سے متعلقہ اداروں کو خودکار گاڑیوں کی مؤثر نگرانی، روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے اور آپریٹنگ کمپنیوں کی جانب سے منظور شدہ تکنیکی اور آپریشنل معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ اقدام ابوظبی میں خودکار ٹرانسپورٹ نظام کی توسیع کی کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ دنوں ابوظبی موبیلٹی نے محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے تحت خودکار گاڑیوں کی نگرانی اور انتظام کے لیے ایک جدید مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا تھا۔
کنٹرول روم جدید نظام کے ذریعے خودکار گاڑیوں کی نقل و حرکت، رفتار اور راستوں کی حقیقی وقت میں نگرانی، ڈیٹا کا تجزیہ، ہنگامی صورتحال میں رابطہ کاری اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے رپورٹس تیار کرے گا۔ اس کے علاوہ آپریشنل روٹس کی منظوری اور پرمٹس کے انتظام میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔
یہ پیش رفت ابوظبی کے خودکار نقل و حمل کے جامع ضابطہ جاتی نظام کا حصہ ہے۔ اس سے قبل امارت نے خودکار اور ریموٹ کنٹرول چھوٹی سمندری کشتیوں کے آزمائشی استعمال کے لیے بھی نئے ضوابط جاری کیے تھے، جن کا مقصد سمندری حفاظت، انسانی جان و مال اور ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔







