
خلیج اردو
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف پورا صوبہ دہشت گردی کا شکار ہے اور سیکیورٹی فورسز و پولیس عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف سہیل آفریدی کنٹینر پر چڑھ کر انہی فورسز کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کا لانگ مارچ اب "شارٹ ٹرم مارچ” میں تبدیل ہو چکا ہے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان یا پختون عوام کے لیے نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کی حمایت میں ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کا صوبہ غیر محفوظ ہونے کے باوجود سڑکوں پر دندناتا مارچ مکمل محفوظ ہے۔ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو ایک "کنٹینر باز” نے یرغمال بنا رکھا ہے اور کے پی کے کی عوام اب اس نالائق ٹولے سے نجات چاہتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کے مسترد کیے جانے کے بعد اب سوشل میڈیا پر اے آئی کی مدد سے جعلی ویڈیوز بنا کر لگائی جا رہی ہیں۔







