پاکستانی خبریں

اگر ہم پرجنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھرسے دیں گے ، جنرل باجوہ

اگر ہم پرجنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھرسے دیں گے ، جنرل باجوہ

خلیج اردو
06 ستمبر 2020
راولپنڈی: پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ 6 ستمبرکا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کوشکست دی تھی ۔۔ مسلح افواج آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کوشکست دینے کیلئے ہروقت تیارہیں ۔۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے جرات کا مظاہرہ کرنیوالے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں شہدا، غازیوں کے اہلخانہ اورحاضرسروس افسران نے شرکت کی ۔۔ آرمی چیف نے 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری، 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت اور ایک جوان کو یونائٹیڈنیشن میڈل سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہلخانہ نے وصول کئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کوشکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں ۔۔ ہمارے ہمسایہ ملک نے ہمیشہ کی طرح غیرذمہ دارانہ رویہ اختیارکررکھا ہے۔ اگر ہم پرجنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ چھ ستمبر 1965ء کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے۔ آج کے دن جب قوم کی یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اوربہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں ۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی قوم کے لیے چھ ستمبرصرف ایک دن نہیں، حوصلے کی پہچان بھی ہے۔یہ دن 1948ء، 1965ء، 1971ء، کارگل کی جنگ اوردہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔۔

جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ میں شہدا کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ ہم شہداء اور ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمارے شہید، ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں، مٹ جایا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہشہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔شہدا کے لواحقین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔سپہہ سالارنے کہا کہ آج کی تقریب میں اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ نے فرض کی ادائیگی میں پاکستان فوج کی اعلیٰ روایات کو مقدم رکھا اور پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہے۔ ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل ناصرف آپ بلکہ ہم سب کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ پوری قوم شہدا کے حواحقین کے صبراورقربانی کی مقروض ہے ۔۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک افواج کی قربانیوں کی پوری دنیا متعرف ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی۔ آزمائش کی تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارے۔ آج کا پاکستان ایک پرامن پاکستان ہے جسے امن اور خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے۔ اسی بنیاد پر ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے۔ ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کا جال بُنتے آئے ہیں لیکن الحمدللہ افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔

آرمی چیف نے کہا کہ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے۔ اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا اور ہم بھی اسے روشن رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارا ہر آفیسر اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلی نظم وضبط اور ایثار کی بدولت ایک ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ سرحدوں کے محاذ ہوں یا دہشتگردی، قدرتی آفات کا سامنا یا تعمیر ِوطن کے فرائض، انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہیں ۔۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم سے محبت، پاک فوج کے ایمان کا حصہ ہے۔ کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔ اسی طرح پاکستانی قوم کی پاکستان افواج سے محبت لازوال ہے۔ ان کا اعتماد غیر متزلزل ہے۔ میں ان تمام جذبوں کو سلام کرتا ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button