عالمی خبریںپاکستانی خبریں

ماضی میں عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے والوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کر لیا

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں دائیں بازو کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام اور سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے مابین اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان ہوگیا۔

جمیعت علما اسلام کے شیرانی گروپ کی سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی اور شیرانی گروپ کے مابین سیاسی اتحاد پر گفتگو بھی ہوئی۔

جمعیت علمائے اسلام کے شیرانی گروپ اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔ دونوں جماعتوں کے مابین باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے۔ سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے۔دونوں جماعتوں کے مابین رفاقت کو باہمی روابط و مشاورت سے نتیجہ خیز ایجنڈے کی صورت میں ڈھالیں گے۔

اس ملاقات میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ارفع مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد سیاست کا امتیاز ہے۔

مسٹر خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلیٰ سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔

مولانا شیرانی پاکستان میں بڑی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام ف کے دائمی کارکن رہے ہیں۔ وہ پارٹی کی جانب سے سینیٹر بھی رہے۔ تاہم گزشتہ سینٹ انتخابات میں پارٹی سے ناراضگی کے بعد انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے راہیں جدا کر لیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button