پاکستانی خبریں

تابش ہاشمی نے فواد خان کو اپنے شو پر نہ بلانے کی وجہ بتا دی

خلیج اردو
6 مارچ 2025: پاکستان کے معروف کامیڈین اور مزاحیہ شو کے میزبان تابش ہاشمی نے اپنے شو پر اداکار فواد خان کو مدعو نہ کرنے کی وجہ پر کھل کر بات کی ہے۔ تابش ہاشمی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فواد خان ابھی تک ان کے شو پر نہیں آئے، جبکہ دیگر تقریباً تمام فنکار ان کے شو میں شرکت کر چکے ہیں۔

تابش کا کہنا تھا کہ فواد خان ایک سنجیدہ شخصیت ہیں، اور ان کا خیال ہے کہ وہ ان کے شو کے فارمیٹ میں فٹ نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شو پر آنے والے مہمانوں کو شو کے فارمیٹ کے مطابق مدعو کیا جاتا ہے، اور وہ ایسے مہمان کو بلانے کی کوشش کرتے ہیں جن کی انرجی ان کی اپنی انرجی سے میل کھاتی ہو۔

تابش ہاشمی نے فواد خان کو بڑا اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شو میں کوئی بھی مہمان چھوٹا یا بڑا نہیں ہو جاتا، لیکن شو کا مزہ تب آتا ہے جب مہمان کھل کر بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسا مہمان نہیں بلانا چاہتے جس سے متعلق انہیں پہلے ہی یہ بتا دیا جائے کہ ان سے یہ سوالات نہیں پوچھے جا سکتے۔

انٹرویو کے آخر میں تابش ہاشمی نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ کئی نیوز شخصیات اب ڈرامے کر رہی ہیں، اور گلوکار بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھ چکے ہیں، تو وہ بھی اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کا سوچ رہے ہیں۔ تابش نے کہا کہ 2025 میں وہ باقاعدہ اداکاری کا آغاز کریں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button