
خلیج اردو
راولپنڈی :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں چھاؤنی پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، اور حملوں میں جدید ہتھیاروں اور آلات کا استعمال ثابت کرتا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔
آرمی چیف نے پاک فوج کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے امن اور استحکام کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بنوں میں جاری آپریشنز اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی لی اور سی ایم ایچ میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی اور مسلح افواج عوام کی حفاظت یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کے اصل عزائم کو ظاہر کرتا ہے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
انہوں نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس واقعے کے ماسٹر مائنڈز اور سہولت کاروں کو بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔






