
خلیج اردو
جدہ:یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 10 مارچ کو سعودی عرب جائیں گے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ امریکی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
زیلنسکی کا ابتدائی طور پر فروری میں مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران سعودی عرب جانے کا ارادہ تھا، لیکن 18 فروری کو ریاض میں امریکا اور روس کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کی وجہ سے یہ دورہ مؤخر کر دیا گیا۔ خلیجی ممالک روایتی طور پر روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سمیت دیگر معاملات میں ثالث کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد، زیلنسکی کی ٹیم 11 مارچ کو سعودی عرب میں قیام کرے گی، جہاں وہ امریکی وفد سے ملاقات کرکے ممکنہ امن معاہدے کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کرے گی۔ یہ ملاقات 28 فروری کو وائٹ ہاؤس میں زیلنسکی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اور نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان ہونے والی تلخ گفتگو کے بعد دونوں فریقین کے درمیان پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں امریکی صدر کے مشیر سٹیووٹکوف کو ایک فریم ورک پیش کیا جائے گا، جس میں روس-یوکرین جنگ بندی، ممکنہ امن معاہدہ اور نایاب دھاتوں پر باہمی تعاون جیسے امور شامل ہوں گے۔ اس دورے کو یوکرین اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






