
خلیج اردو
لاہور:پاکستانی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ پہلی ملاقات کے دوران نامناسب رویہ اپنایا تھا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ فلم "جنت” میں نبھایا گیا کردار بہت پسند ہے، مگر اس فلم کی شوٹنگ کے دوران عمران ہاشمی کے رویے نے انہیں مایوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار نے عمران ہاشمی سے ان کا تعارف کروایا۔ جاوید شیخ کے مطابق جب انہوں نے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو عمران ہاشمی نے بے دلی سے ہاتھ ملا کر منہ دوسری طرف پھیر لیا، جس پر انہیں دکھ اور غصہ دونوں محسوس ہوئے۔
جاوید شیخ نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس رویے کو نظرانداز نہیں کیا اور شوٹنگ کے دوران پندرہ دن تک عمران ہاشمی سے کوئی بات نہیں کی۔ بعد میں بھارتی اداکار نے خود آ کر بات چیت شروع کی اور دونوں کے درمیان گلے شکوے ختم ہو گئے۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران ہاشمی کے نامناسب رویے کا جواب سنجیدگی اور بردباری سے دیا، جس کے بعد ان کے تعلقات معمول پر آ گئے۔






