
خلیج اردو
اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے، لیکن مذاکرات کسی ایک شخصیت کے لیے نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی مذاکرات کے لیے پُرامید ہیں، تاہم شرائط پر مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
ایاز صادق نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو عوامی مسائل کی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن کو جتنا بات کرنے کا موقع دیتا ہوں، وہ مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔ اپوزیشن کو صرف احتجاج کرنے اور ایوان سے واک آؤٹ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر موجودہ ایوان جعلی ہے تو کیا چیئرمین قائمہ کمیٹی غیر قانونی نہیں؟ اسپیکر نے واضح کیا کہ دو حکومتی اراکین کے بعد ایک اپوزیشن رکن کو بولنے کی اجازت دی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے تقرر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن نے ابھی تک کوئی نام تجویز نہیں کیے۔ اس سلسلے میں پارلیمانی امور کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا گیا ہے۔






