
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے بجلی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اعلان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت کو اپریل 2022 کی سطح پر لا کر دکھائے، جب عوام سے اقتدار چھینا گیا تھا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مینڈیٹ چور وزیراعظم کی گفتگو جاہلانہ اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سترہ نشستوں کے ساتھ وزارت عظمیٰ پر قابض ہونے والے شخص کا تین سالہ دور اقتدار ملکی تاریخ کا تاریک ترین دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اس بےایمان ٹولے نے ملک کو بدترین غربت، مہنگائی، بیروزگاری اور کساد بازاری میں دھکیل دیا جبکہ معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا حکومتی بیانیہ 8 فروری 2024 کو عوام نے دفن کر دیا تھا اور ووٹ کی پرچی پر ان کے خلاف تاریخی فیصلہ صادر کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈال کر فارم سینتالیس کی ناجائز، غاصب اور مجرم حکومت قائم کرنا پڑی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس غاصب ٹولے کا یوم حساب قریب ہے اور ملک و قوم کے خلاف کیے گئے ہر جرم کا پورا حساب دینا ہوگا۔






