عالمی خبریں

روس کا یوکرین کے شہر سُمی پر میزائل حملہ، 34 افراد جاں بحق، 117 زخمی

خلیج اردو
ماسکو: یوکرین کے شمالی شہر سُمی پر روس نے دو بیلسٹک میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کم از کم 34 افراد جاں بحق اور 117 زخمی ہو گئے۔ حملے میں ایک یونیورسٹی سمیت 20 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔

مقامی حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ رواں ماہ کے دوران روس کا یوکرین پر دوسرا بڑا حملہ ہے، جس نے خطے میں کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔ سُمی میں ہونے والے اس حملے کے بعد ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف رہیں۔

دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی کمیشن نے روسی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوکرین پر یہ حملہ انتہائی خوفناک ہے اور اس سے جاری امن کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی برادری یوکرین بحران کے سفارتی حل کی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم مسلسل حملے ان کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button