
خلیج اردو
ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے اپنے پاسپورٹس پر دوبارہ "سوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لیے کارآمد” کا جملہ شامل کر دیا ہے، جس سے بنگلہ دیشی شہریوں کے اسرائیل سفر پر مؤثر پابندی عائد ہو گئی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان مقامی میڈیا کے ذریعے اتوار کو کیا گیا۔
بنکلہ دیش ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اور اسرائیل سے متعلق امور یہاں حساس سمجھے جاتے ہیں۔ یہ جملہ کئی دہائیوں تک بنگلہ دیشی پاسپورٹس پر موجود رہا تاہم سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے آخری دور حکومت میں اسے ہٹا دیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی ڈپٹی سیکریٹری نیلیما افروز نے بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے اس حوالے سے باضابطہ ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 2021 میں "سوائے اسرائیل” کا جملہ پاسپورٹ سے ہٹا دیا گیا تھا، تاہم اس وقت کی حکومت نے وضاحت کی تھی کہ اسرائیل سے متعلق ملک کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اس پالیسی کی بحالی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہفتے کے روز ڈھاکہ میں تقریباً ایک لاکھ افراد نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔
غزہ کی صورتحال اس وقت انتہائی سنگین ہے۔ اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی حالیہ جنگ میں اب تک 50,944 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد 1,218 بتائی گئی ہے۔






