پاکستانی خبریں

دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی منفرد حیثیت ہے،یہ دنیا کا واحد پاسپورٹ ہے جس پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے سبز پاسپورٹ پر فخر ہے کیونکہ یہ دنیا کا واحد پاسپورٹ ہے جس پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کو نہ کبھی تسلیم کیا اور نہ آئندہ تسلیم کرے گا۔

عطاء تارڑ نے فلسطین کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پوری قوم متحد ہے اور ہمیں اس نازک مسئلے پر سیاست یا پوائنٹ سکورنگ کے بجائے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور عالمی ضمیر اس پر خاموش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ فلسطین کے مسئلے کو انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں لے گیا جہاں پاکستان نے اس اقدام کی مکمل حمایت کی۔ دفتر خارجہ نے فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی نسل کشی کے خلاف پاکستان کا پالیسی بیان عالمی فورمز پر پیش کیا۔

عطاء تارڑ نے فلسطین میں صحافتی خدمات پر الجزیرہ کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ الجزیرہ کے کئی صحافی شہید ہوئے لیکن انہوں نے کبھی اپنی کوریج پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ہزاروں ٹن امدادی سامان فلسطینی بہن بھائیوں تک پہنچایا، اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان کا موقف تاریخی اور اصولی بنیادوں پر قائم ہے اور اسرائیل کے حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button