پاکستانی خبریں

اسلام آباد میں شہری سہولیات کے لیے متعدد نئے منصوبوں کی منظوری، فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ اور انڈر پاسز کی تعمیر کا فیصلہ

خلیج اردو
اسلام آباد – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لیے کئی نئے ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے فیض آباد انٹرچینج کو ری ماڈل کیا جائے گا اور اس میں مزید دو لینز کا اضافہ کیا جائے گا۔

فیصل چوک پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے 2+2 لینز پر مشتمل انڈر پاس تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ انڈر پاس کی پلاننگ مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جائے تاکہ آنے والے سالوں میں بھی اس کی افادیت برقرار رہے۔

اجلاس میں بلیو ایریا میں مکمل شدہ پارکنگ پلازے کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے فوڈ اسٹریٹ اور پارکنگ پلازہ کے لیے بہترین کاروباری ماڈل تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

شہر کے دیگر مقامات پر بھی پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور ان مقامات کی جلد نشاندہی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں ٹریفک کے مستقل حل کے لیے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوامی سہولیات کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور تمام منصوبوں کو شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button