پاکستانی خبریں

پی آئی اے کی نجکاری میں پیشرفت، 51 سے 100 فیصد حصص کی نجی شعبے کو فروخت کا عمل شروع

خلیج اردو
اسلام آباد – پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، حکومت نے پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد حصص کی ڈی انویسٹمنٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پرائیویٹ شعبے سے اظہارِ دلچسپی کی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

نجکاری کمیشن کے اشتہار کے مطابق نجی سرمایہ کار 3 جون 2025 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں یا کوئی بھی سرکاری ادارہ ان حصص کی خریداری کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے خریدار کو نئے طیارے کی خریداری یا لیز پر لینے پر سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اشتہار میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پی آئی اے نے 40 لاکھ مسافروں کو 30 مختلف مقامات تک پہنچایا، اور ایک ہفتے میں 268 فلائٹس کے ذریعے اپنی سروسز فراہم کیں۔

پی آئی اے کے پاس اس وقت 78 مختلف مقامات پر پروازوں کے روٹس موجود ہیں۔ کچھ ماہ قبل خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم اب نئی پالیسی کے تحت کسی بھی سرکاری ادارے یا حکومت کو خریداری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کی ایک کوشش گزشتہ سال کے اختتام پر ناکام ہو چکی تھی، تاہم اب حکومت پرعزم ہے کہ اس عمل کو کامیابی سے مکمل کیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button