
خلیج اردو
پشاور – مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے پہلگام واقعے پر بھارت کے جارحانہ رویے کو نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے پس پردہ مودی سرکار کے مذموم عزائم کارفرما ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارتی حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پہلگام واقعے کو استعمال کرکے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے۔ ان کے بقول، مودی سرکار خطے میں امن و امان کو خراب کر کے اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاق و اتحاد کی اشد ضرورت ہے اور سیاسی استحکام ہی ملکی مفاد کا ضامن بن سکتا ہے۔ بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔






