
خلیج اردو
اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے راستے افغان سٹیزن کارڈ کے حامل افراد اور غیر قانونی افغان تارکین کی وطن واپسی کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز طورخم بارڈر کے ذریعے 622 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد اور 1267 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ان کے وطن واپس بھیجا گیا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق گزشتہ روز پنجاب سے بھی 186 افغان کارڈ ہولڈرز اور 112 غیر قانونی تارکین وطن کو افغانستان واپس روانہ کیا گیا۔ ستمبر 2023 سے اب تک مجموعی طور پر 28 ہزار 350 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے جبکہ 5 لاکھ 22 ہزار 781 غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔
دوسرے مرحلے کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک اسلام آباد سے 2137، پنجاب سے 17 ہزار 493، گلگت سے 2، آزاد کشمیر سے 1168 اور سندھ سے 44 افغان شہریوں کو وطن واپس روانہ کیا گیا ہے۔






