
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اس تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حالیہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر کسی ایک فریق کے حق میں کوئی پوزیشن نہیں رکھتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔
ٹیمی بروس نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام امریکہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور سفارتی ذرائع سے معاملات حل کریں۔







