
خلیج اردو
نئی دہلی: پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بھارت نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کا باضابطہ اعتراف کر لیا ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی زیر صدارت نئی دہلی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر سخت سوالات اٹھائے گئے۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے اجلاس کے دوران تسلیم کیا کہ پہلگام واقعہ درحقیقت سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کی واضح ناکامی کا نتیجہ ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے زور دیا کہ ایسے حساس علاقے میں سیکیورٹی کے موثر اقدامات کیوں نہیں کیے گئے تھے۔
آل انڈیا اتحاد المسلمین کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور دریا کا رخ موڑنے کے حکومتی عزائم پر تنقید کی گئی، اور سوال اٹھایا گیا کہ اگر بھارت دریا کا پانی روک بھی لے تو اتنا پانی آخر کہاں ذخیرہ کرے گا؟
کانگریس پارٹی نے براہ راست مودی حکومت کو اس ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ سیکیورٹی معاملات پر سنجیدگی کا فقدان بھارت کی داخلی سلامتی کے لیے خطرناک بن چکا ہے۔







