پاکستانی خبریں

اگر فوجی تصادم کا راستہ بھارت نے چُنا تو یہ اس کی اپنی چوائس ہوگی، لیکن اس کے بعد معاملات کس سمت جائیں گے، یہ پاکستان کی چوائس ہوگی،ڈی جی آئی ایس پی آر

ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں، کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاک فوج کا مودی سرکار کو دوٹوک پیغام

خلیج اردو
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے بھارت کو دوٹوک انداز میں متنبہ کیا کہ اگر فوجی تصادم کا راستہ بھارت نے چُنا تو یہ اس کی اپنی چوائس ہوگی، لیکن اس کے بعد معاملات کس سمت جائیں گے، یہ پاکستان کی چوائس ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہر منگل کو رابطہ معمول کے مطابق ہوتا ہے اور اس رابطے کو کسی خاص واقعے سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، جائے وقوعہ لائن آف کنٹرول سے 230 کلومیٹر دور ہے اور ایف آئی آر کے اندراج میں صرف 10 منٹ لگائے گئے جو ناقابلِ فہم ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے واقعے کے فوراً بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا اور اس واقعے کو مسلمانوں سے جوڑنے کی کوشش کی۔ ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ اس واقعے میں استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس وہی ہیں جو جعفر ایکسپریس حملے میں بھی سرگرم رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور بھارت گزشتہ 25 سالوں سے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو الزام تراشی بند کر کے اصل سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button