
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن صحافت کی اہمیت اور صحافیوں کے کلیدی کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ موقع ہمیں میڈیا اداروں اور صحافیوں کو درپیش چیلنجز پر سنجیدگی سے غور کرنے کا موقع دیتا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ’’ہمارے ہر دور حکومت میں ایسی پالیسیوں اور اقدامات کی حمایت کی گئی جن کا مقصد آزاد، شفاف اور ذمہ دار صحافت کو یقینی بنانا تھا۔‘‘
پیپلز پارٹی کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ’’بی بی شہید بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لیے عملی مثال قائم کر چکے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ صحافی جمہوری عمل، احتساب اور عوامی شعور بیدار کرنے میں بنیادی ستون کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ’’ہم ان کے ناگزیر کردار کی قدر کرتے ہیں جو وہ عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے اور طاقتور حلقوں کو جوابدہ بنانے کے لیے ادا کرتے ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔
شیری رحمان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں صحافت آئے روز سنسرشپ، دھمکیوں اور تشدد جیسے خطرات سے دوچار ہے۔ ’’یہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے جسے ہمیں اجتماعی طور پر بدلنے کی ضرورت ہے۔‘‘
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی صحافت کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے اور ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ان کے دفاع میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔







