
خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت سے واپس آنے والے مریضوں کے لیے فوری اور مفت علاج کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان مریضوں میں گردوں کے ٹرانسپلانٹ اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد شامل ہیں، جنہیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث اپنا علاج ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آنا پڑا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ حکومت پنجاب ان مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد کا مفت اور معیاری علاج پنجاب میں ہی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے صحت کے محکمے کو ہدایت دی ہے کہ ایسے تمام مریضوں کی فہرست فوری طور پر تیار کی جائے اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت نے پاکستانی مریضوں کو فوری طور پر واپس بھیج دیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی مریضوں کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے۔ مریم نواز کی جانب سے جاری کی گئی یہ ہدایت انسانی بنیادوں پر ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔






