
خلیج اردو
غزہ: اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 24 فلسطینی شہید ہوگئے، جب کہ 3 رہائشی عمارتوں کے ملبے سے 15 شہدا کی لاشیں نکالی گئیں۔ امدادی سامان کی بندش کے باعث غزہ میں غذائی بحران سنگین تر ہوگیا ہے، جہاں تقریباً تین لاکھ بچے فاقہ کشی کے باعث موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
ادھر بن گوریون ہوائی اڈے پر میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے یمنی حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے اور ایران پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ اسرائیلی سلامتی کابینہ نے غزہ میں حماس کے خلاف فوجی کارروائی میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
ایران نے کسی بھی ممکنہ امریکی یا اسرائیلی حملے پر سخت ردعمل دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو امریکہ کے ہوائی اڈے اور فورسز کو براہ راست نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک ہمارے بھائی ہیں، لیکن امریکی اڈے ہمارے نشانے پر ہوں گے۔







