
خلیج اردو
نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں اور بھارتی الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور اشتعال انگیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، پاکستان ہر صورت اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی کا دفاع کرے گا۔
عاصم افتخار نے بتایا کہ بند کمرہ اجلاس کے دوران پاکستان نے سلامتی کونسل کے ارکان کو بھارتی اشتعال انگیزیوں اور جارحانہ اقدامات سے آگاہ کیا، اور پہلگام واقعے سے متعلق لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کیا گیا۔ پاکستان نے سلامتی کونسل کو بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھارتی رویے اور علاقائی کشیدگی میں اضافے کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
ان کیمرا اجلاس میں سلامتی کونسل کے 15 ارکان، جن میں 5 مستقل ارکان بھی شامل تھے، نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے یہ مؤقف دوٹوک انداز میں پیش کیا گیا کہ بھارتی پروپیگنڈا نہ صرف بے نقاب کیا جائے گا بلکہ اس کا سفارتی، قانونی اور سیاسی طور پر بھی مؤثر جواب دیا جائے گا۔







