
خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ای ٹیکسی سروس کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر 1100 ای ٹیکسیز کے ساتھ پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جبکہ ای چارجنگ اسٹیشنز پر سولر پاور سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کی گئی، اور وزیراعلیٰ نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے روٹس کے تعین کی ہدایت کی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے زیرتکمیل منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ راولپنڈی میں زیر تعمیر چلڈرن اسپتال کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔






