پاکستانی خبریں

صدر مملکت سے اٹلی کے وزیر داخلہ کی ملاقات، بھارتی جارحیت اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو

خلیج اردو
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اٹلی کے وزیر داخلہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، بھارتی جارحیت اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی سود مند تعاون بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات میں صدر زرداری نے اطالوی وزیر داخلہ کو بھارت کی بلا اشتعال فوجی جارحیت سے متعلق پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے خطے کے لیے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔

اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے پاکستان کے تحفظات نہ صرف اپنی حکومت بلکہ عالمی برادری تک بھی پہنچائیں گے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسانی اسمگلنگ، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے، جبکہ اٹلی میں مقیم ایک لاکھ ساٹھ ہزار پاکستانی تارکین وطن اطالوی معاشرے اور معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے نازک حالات میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اطالوی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور اٹلی کے درمیان قانونی نقل مکانی اور ہنرمند لیبر کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button