
خلیج اردو
ویٹی کن سٹی: بدھ 7 مئی کو ویٹی کن میں سسٹرین چیپل کی چمنی سے سیاہ دھواں بلند ہوا، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ پوپ کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کی پہلی ووٹنگ میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ اے ایف پی کے صحافیوں کے مطابق سیاہ دھواں تقریباً تین گھنٹے 15 منٹ بعد ظاہر ہوا، جب 133 کارڈینلز کو بند کر دیا گیا تھا۔
ہزاروں افراد سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع تھے اور دھوئیں کے منظر کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔ اب کارڈینلز، جو اس انتخابی عمل کے دوران ویٹی کن کے سینٹا مارٹا گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر ہیں، وہیں واپس جائیں گے اور جمعرات کو دوبارہ ووٹنگ کا آغاز کریں گے۔
صدیوں پرانے اس مذہبی عمل کے مطابق، 80 برس سے کم عمر کارڈینلز سسٹرین چیپل میں خفیہ ووٹنگ کرتے ہیں جب تک کہ ان میں سے کوئی ایک دو تہائی اکثریت یعنی 89 ووٹ حاصل نہ کر لے۔ جب نیا پوپ منتخب ہو جاتا ہے تو روایتی طور پر سفید دھواں چمنی سے بلند ہوتا ہے اور ایک سینئر کارڈینل ’Habemus Papam‘ (ہمارے پاس نیا پوپ ہے) کا اعلان کرتا ہے۔
کانکلیو سے قبل کارڈینلز نے ویٹی کن کی پاؤلین چیپل میں دعائیہ اجتماع کیا، جس کی لائیو کوریج بھی کی گئی۔ بعد ازاں وہ جلوس کی صورت میں سسٹرین چیپل پہنچے، جہاں بدھ کی شام نئے پوپ کے انتخاب کے لیے پہلی ووٹنگ کے بعد دروازے بند کر دیے گئے۔
یہ کانکلیو تاریخ کا سب سے بڑا اور بین الاقوامی اجتماع ہے، جس میں تقریباً 70 ممالک سے تعلق رکھنے والے کارڈینلز شریک ہیں — جن میں سے بہت سے ایک دوسرے کو پہلے سے نہیں جانتے۔ فی الحال کسی ایک امیدوار کو واضح برتری حاصل نہیں، اور امیدواروں میں چرچ کے ترقی پسند اور قدامت پسند دونوں رجحانات کی نمائندگی شامل ہے۔







