
خلیج اردو
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے حملوں کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے کبھی حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا سنے گی، پھر کسی بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر 15 مقامات پر حملے کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ "ہم 21ویں صدی میں رہ رہے ہیں، اب ہر چیز مانیٹر ہوتی ہے۔ کوئی بھی جھوٹ چھپ نہیں سکتا۔ ہر میزائل، ہر ڈرون، ہر پروجیکٹائل اپنا ڈیجیٹل پاتھ چھوڑ جاتا ہے۔”
میجر جنرل احمد شریف نے بھارتی فوج کے اس دعوے کو بھی بے بنیاد قرار دیا کہ پاکستان نے بھارتی علاقے امرتسر میں حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "بھارت نے خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور الزام پاکستان پر ڈال دیا۔” ترجمان پاک فوج نے میڈیا کو گرائے گئے 29 بھارتی ڈرونز کے ملبے کی تصاویر اور ثبوت بھی دکھائے، جن کا فرانزک معائنہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 4 پروجیکٹائل فائر کئے جن میں سے ایک پاکستان کے علاقے ڈنگہ میں گرا، جبکہ باقی تین بھارت میں گرے، مگر اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو خبردار کیا کہ "یہ 18ویں نہیں بلکہ 21ویں صدی ہے۔ اب کوئی بھی من گھڑت کہانی گھڑ کر دنیا کو بیوقوف نہیں بنا سکتا۔ بھارت کو اپنے سینما سے نکل کر حقیقت کی دنیا میں آنا ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جھوٹے ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، مگر پاکستان ہر سازش کا مؤثر جواب دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کی ہر حرکت کو مانیٹر کر رہا ہے اور افواج پاکستان ملک کی حفاظت کے لیے مکمل تیار ہیں۔






