
خلیج اردو
نئی دہلی: پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارت کے جارحانہ رویے کا خمیازہ اسے خود بھگتنا پڑ گیا، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق غیرملکی کرکٹرز نے بھارت میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے بورڈ پر دباؤ ڈالا، جس کے بعد بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے لیگ کو وقتی طور پر روکنے کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ روز دھرم شالا میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان جاری میچ اچانک سیکیورٹی خدشات کے باعث روک دیا گیا اور سٹیڈیم کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔ واقعے کے بعد ٹیموں کو سخت حفاظتی حصار میں ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں، خاص طور پر آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اسٹارز نے وطن واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک آئی پی ایل کے باقی میچز ملتوی رہیں گے۔
عالمی سطح پر بھارت کو شدید تنقید کا سامنا ہے، جہاں اس کے جارحانہ رویے نے نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا بلکہ کھیلوں کے بڑے ایونٹس کو بھی متاثر کیا۔






