
خلیج اردو
لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ آٹھ میچز دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ان میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا اور نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ متوقع طور پر شیڈول میں 6 سے 7 روز کا فرق آ سکتا ہے۔
پی سی بی نے بتایا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو فوری طور پر پہلی دستیاب فلائٹس سے دبئی روانہ کیا جائے گا تاکہ وہ نئے مقام پر میچز میں شرکت کر سکیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر بھارتی حملے کو خطرناک اور غیرذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد پی ایس ایل 10 کو سبوتاژ کرنا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی کھیل اور سیاست کو ہمیشہ الگ رکھنے کے اصول پر قائم ہے اور غیر ملکی و مقامی کھلاڑیوں کی حفاظت اس وقت بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین کے مطابق حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ ایونٹ کے باقی میچز بحفاظت مکمل کیے جا سکیں اور کھیل کے وقار کو متاثر نہ ہونے دیا جائے۔







