
خلیج اردو
مری: ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مری اور گردونواح میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی۔ اکثر مقامات پر نالے بند ہونے سے پانی نشیبی علاقوں میں گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد اور اس کے اطراف میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ شہریوں نے گرمی سے نجات پر سکھ کا سانس لیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ میدانی علاقوں میں تیز آندھی اور چھکڑ چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔






