
خلیج اردو
اسلام آباد: عالمی میڈیا اور دفاعی مبصرین نے ایک بار پھر پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی کارکردگی کو سراہا ہے، امریکی خبر رساں ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی فوج کو دنیا کی بہترین افواج میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا۔
رپورٹ کے مطابق سی این این، بی بی سی، اور دیگر عالمی نشریاتی اداروں نے بھارت میں پاکستانی میزائل حملوں کے بعد کی تباہی اور افراتفری کے مناظر دکھانا شروع کر دیے ہیں۔ سی این این نے کہا کہ پاکستانی فضائی اور زمینی افواج نے انتہائی مہارت اور بروقت ردعمل کے ذریعے دشمن کو نہ صرف حیران کیا بلکہ اس کی جارحیت کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
مبصرین کے مطابق پاکستانی فضائیہ کی برتری اور انٹیلیجنس کی بروقت معلومات نے جنگی منظرنامے کو مکمل طور پر پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔ بھارت کی طرف سے کئی بڑے شہر خاموشی اور سناٹے کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ حکومتی سطح پر شدید بوکھلاہٹ دیکھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی قیادت نے دنیا کے مختلف ممالک کو ہنگامی طور پر مدد اور ثالثی کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ امریکی، سعودی اور ترک حکام سے فوری بات چیت کے ذریعے معاملے کو مزید بڑھنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پاکستان کی اس دفاعی حکمت عملی اور افواج کی کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک سنجیدہ اور ذمہ دار ملک بھی ہے۔






