پاکستانی خبریں

ہم کوئی رسک نہیں لے سکتے تھے، بھارت کے حملوں کا جواب دینا ناگزیر تھا: اسحاق ڈار

خلیج اردو
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کو پاکستان کا ایک ذمہ دار اور دفاعی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ ممکن نہیں کہ بھارت اپنا کام کرتا جائے اور ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں۔‘‘

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار تھیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ملک کی خودمختاری کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔ ’’ہم نے پہل نہیں کی، مگر ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا تھا۔ بھارت نے چھپ چھپ کر ہمارے اوپر میزائل اور ڈرون داغے، مسلسل جھوٹ بولے، اور امن کے پیغام کو کمزوری سمجھا،‘‘ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ان کی دو گھنٹے طویل گفتگو ہوئی، جس میں صاف طور پر واضح کیا گیا کہ پاکستان کی کارروائی بھارتی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ ’’ہم نے دنیا کو بتایا کہ ہم نے یہ اقدام صرف اپنی حفاظت اور دفاع کے تحت کیا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بھارتی طیارے اور ڈرون گرائے جانے کے بعد بھارت کی مایوسی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اب بھارت کے لیے یہ ثابت کرنا ناممکن ہو چکا ہے کہ وہ خطے میں جوہری طور پر برتری رکھتا ہے۔ ’’دنیا کو بھارت کو سمجھانا ہوگا کہ اس نے کتنی بڑی غلطی کی ہے،‘‘ اسحاق ڈار نے کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن اب دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ امن کے راستے میں کون رکاوٹ ہے، اور کون خطے کے استحکام کے لیے مخلص ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button