
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دنیا کو یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک غیرت مند، خوددار اور خودمختار قوم ہے جو اپنی آزادی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دشمن نے حالیہ دنوں میں ایک بزدلانہ اور شرمناک عمل کیا، جس کا پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے جرأت، صبر، تحمل اور بھرپور عزم کے ساتھ جواب دیا۔ ہم نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ جب بھی کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے تو ہم متحد ہوکر صف بند ہو جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہوکر لڑتے ہیں جیسے کہ سیسہ پلائی دیوار ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک خود مختار قوم ہیں جنہیں اپنی خودمختاری اور وقار اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے۔ ہم لاالہ الا اللہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آتے ہیں اور یہی ہمارے ایمان کی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا ہماری دلیر اور بہادر افواج نے مؤثر جواب دیا اور ایک سنہری باب رقم کیا۔ بھارت نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت کی کوشش کی، جس کے جواب میں ہم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی اور غیرمعمولی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ لیکن جب بھارت نے ہماری سرحد پامال کرنے، معصوم عوام اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور آبی ذخائر کو ہدف بنانے کی کوشش کی، تو فیصلہ کیا گیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جو وہ اچھی طرح سمجھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی توپوں کو خاموش کر دیا، دشمن کے فوجی اڈے، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات میں بدل گئے۔ ہماری کارروائی اس بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت اور تعصب پر مبنی ہے۔ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی سلوک کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں جو کارروائی کی گئی، وہ محض ایک دفاعی قدم نہیں بلکہ پاکستان کی خودمختاری، عزت، وقار اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کا عملی اظہار تھی۔ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان کی سرزمین پر جارحیت کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ فتح صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ 24 کروڑ عوام نے اپنے شیروں اور شاہینوں پر والہانہ محبت کے پھول برسائے۔ ہر فرد، ہر طبقہ، ہر سیاسی جماعت اور ہر ادارہ ایک آواز ہوکر سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے آیا۔
وزیراعظم نے آرمی چیف کی بہادر اور دانشمندانہ قیادت، ایئر چیف اور ان کے شاہینوں کی جرأت مندانہ کارروائیوں کو سراہا اور سی جے سی ایس سی، سروسز چیفس، ہر افسر اور جوان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن پر اپنی اولادیں قربان کیں اور اپنے صبر سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور عوام نے غیر معمولی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اب یہ پیغام دے رہا ہے کہ پانی اور کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کی قوم، قیادت اور افواج نے مل کر تاریخ کا رخ موڑ دیا ہے، اور دشمن کو وہ سبق سکھایا ہے جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔






