پاکستانی خبریں

عالمی سفارتکاری میں پاکستان کی گونج، عالمی رہنماؤں کے رابطے جاری

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان عالمی سفارتی محاذ پر سرگرم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے جاری ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان کو خطے میں امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھر آسٹریلوی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وونگ نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اسحاق ڈار نے آسٹریلوی ہم منصب کو بحران کے دوران پاکستان کی جانب سے صبر و تحمل اور اقوام متحدہ کے چارٹر و بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کرنے کے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ نے جافر ایکسپریس حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ قدم دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گا۔

قبل ازیں اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button