
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ایک غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فتح روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ نے سیز فائر میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ان ممالک کی سفارتی کوششوں سے خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ متعدد ممالک نے پاکستان اور بھارت دونوں سے بات چیت کی اور بھارت کو اس معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹنے دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سیز فائر ہو چکا ہے اور اب دونوں ممالک کے درمیان معاملات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ عطاء تارڑ نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات اور اسلحہ ڈپوز کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا ہے جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔






