
خلیج اردو
ریاض: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خلیجی ممالک سے کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہونے کی توقع ہے۔ خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب نے ٹرمپ کو 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے، جبکہ ٹرمپ سعودی عرب سے ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ ریاض پہنچ چکے ہیں جہاں شاہی محل آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سعودی عرب امریکہ کا اہم ترین اتحادی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرمپ اپنے دورے کے دوران سعودی عرب کو 100 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے جدید ہتھیاروں کا پیکج بھی دیں گے، جس میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی ایک وسیع رینج شامل ہو سکتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 2017 میں ٹرمپ کے سعودی عرب کے دورے کے دوران 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے تھے جن میں 110 ارب ڈالر کے اسلحہ معاہدے شامل تھے۔
امریکی صدر کے موجودہ دورہ سعودی عرب کے دوران ایلون مسک بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ٹرمپ اپنے اس خلیجی دورے میں قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے جس میں سرمایہ کاری، دفاعی اور توانائی کے شعبوں میں معاہدوں کا امکان ہے۔







